صومالیہ میں صدراتی محل کے قریب دھماکوں میں 15 افراد ہلاک


Sajjad Bhutta Posted on December 23, 2018

موغادیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب 2 کار بم دھماکوں میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
عرب ٹی وی کے مطابق دونوں دھماکے مختصر وقفے کے دوران موغادیشو کے وسط میں واقع صدارتی محل کے قریب ہوئے جس کے نتیجے میں صومالیہ کے معروف صحافی سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے۔
دھماکے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکوں میں مقامی صحافی دیہار سلاد اپنے 2 محافظوں اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں متعدد فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔
دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند گروہ الشباب نے قبول کرلی ہے۔