منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری کل سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے


Sajjad Bhutta Posted on December 23, 2018

لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کل سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کل لاہور رجسٹری میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرے گا۔ سابق صدر آصف زرداری کل عدالت میں پیش نہیں ہوں گے بلکہ ان کے وکلا کی ٹیم پیش ہوگی جس میں فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ اور دیگر شامل ہیں۔
کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہے اور امکان ہے کہ کل عدالت رپورٹ فریقین کے حوالے کرے گی۔ لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اپنا قانونی لائحہ عمل بنائیں گے، سپریم کورٹ میں کل کیا ہوتا ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، ہوتا تو یہی ہے کہ رپورٹ فریقین کو دے کر نئی تاریخ دی جاتی ہے۔