وزیراعظم اور پومپیو ٹیلیفونک گفتگو؛ امریکا اپنے موقف پر قائم


Faizul Hassan Posted on August 24, 2018

اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے جاری بیان پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے اپنی ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان گفتگو میں دہشت گردی کے موضوع پر کی گئی بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ حقائق کے منافی بات نہ کرے۔