پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہوگا


Sajjad Bhutta Posted on December 25, 2018

سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا کل سے آغاز ہونے جارہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سنچورین ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اور گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔
قومی ٹیم کے پاس جنوبی افریقا کو شکست دینے اور ایک دہائی پرانی ناکامی کی روایت کو توڑنے کا سنہری موقع ہے، جنوبی افریقی ٹیم اے بی ڈویلئرز کے بغیر میدان میں اترے گی جب کہ اس کے اہم فاسٹ بولر ورنن فلینڈر اور لنگی نگیڈی انجری کے باعث میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
جنوبی افریقی فاسٹ اٹیک میں ڈیل اسٹین اور آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر موجود کگیسو رابادا مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔
میزبان ٹیم کپتان فاف ڈوپلیسی، ایڈن مرکرم، ڈین ایلگر، تونس دی بریون، ہاشم آملہ، کوائنٹن ڈی کوک، ٹیمبا باوما، زبیر حمزہ، کیشیو مہاراج، ڈیل اسٹین، کگیسو رابادا اور ڈون اولیور پر مشتمل ہے۔
قومی اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر محمد عباس اور اسپنر شاداب خان انجری کے باعث میچ نہیں کھیل سکیں گے جب کہ فخر زمان اور امام الحق اوپننگ کریں گے۔
اسکواڈ میں اظہرعلی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔