پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے تحریک انصاف سے 26سوالات


Faizul Hassan Posted on June 12, 2018

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے تحریک انصاف سے 26سوالات کیے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ سوالات تحریک انصاف کو اس کے وعدے اور دعوے یاد دلانے کے لئے کر رہا ہوں۔

کہاں ہیں وہ 350 ڈیمز، 250کالجز، ایک ہزار سٹیڈیم اورپورے پاکستان کی بجلی؟ کیا کے پی میں 90 دن میں کرپشن ختم ہوگئی؟یا پوری تحریک انصاف ہی کرپٹ نکلی؟

کہاں ہیں وہ آپ کے کے پی کو 100 سال تک فائدہ دینے والے منصوبے؟کے پی کے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی کو کون سے راستے جاتے ہیں؟کیا آپ بتائیں گے کہ پشاور دنیا کا دوسرا گندا ترین شہر کیسے بنا؟ آپ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کے ٹرین منصوبے کا کیا ہوا؟غیر ممالک سے نوکریوں کے لیے آنے والے غیر ملکی کہاں چھپے ہوئے ہیں؟

ذرا قوم کو بتائیں کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کا حال کیا ہوا؟ کیا خیبر پختونخوا میں اقربا پروری اورمیرٹ کی دھجیاں اُڑنا بند ہو گئیں؟ کیاافغانستان سے منشیات کی اسمگلنگ پختونخوا کی مثالی پولیس نے روک لی؟کیا پی ٹی آئی الیکٹ ایبلز کی بجائے مخلص کارکنوں کو ٹکٹ دیے؟

کیاعمران نیازی نے وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ سرکاری املاک کا ذاتی استعمال نہیں کیا؟کیاعمران نیازی نے جھوٹ کی بجائے قوم سے سچ بولا اور یُوٹرن لینا بند کردیے؟عمران نیازی آئین کا احترام کرتے ہیں تو پھر عدالت سے 3 سال مفرور کیوں رہے؟

انقلابی رہنما نے 5 سال میں 3 کھرب روپے قرضے کیوں لے لیے؟ 2013ء میں صادق و امین نیازی کے اثاثے ڈیڑھ کروڑ تھے،2017ء میں ڈیڑھ ارب کیسے ہو گئے؟کیا عمران خان ذرا قوم کو بتائیں گے کہ آپ کا ذریعہ آمدنی کیا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے تحریک انصاف الزام تراشی اور گالی گلوچ کی بجائے سنجیدہ جواب دے گی۔