کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ، چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاک بھارت ٹیمیں آج ٹکرائیں گی


Mian Fayyaz Ahmed Posted on June 17, 2017

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ شروع ہونے میں کچھ ہی دیر رہ گئی ہے ، قومی ٹیم روایتی حریفوں سے برمنگھم کی شکست کا بدلہ لینے کے لیے پر عزم ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق رینکنگ میں سب سے نچلے درجے والی پاکستان ٹیم پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیل رہی ہے۔ پاکستان نے برمنگھم میں روایتی حریف بھارت سے شکست کھانے کے بعد ایسا کم بیک کیا کہ بڑی بڑی ٹیموںکو پچھاڑ کر رکھ دیا۔ آج (اتوار کو) ہونے والے فائنل میچ میں قومی ٹیم اپنی شکست کا بدلہ لینے کا عزم لے کر میدان میں اترے گی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین چیمپیئنز ٹرافی 2017 کا فائنل لندن کے اوول کرکٹ گراﺅنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ میں بھارت کے پاس مضبوط بیٹنگ لائن ہوگی تو قومی ٹیم بھی ورلڈ کلاس بولنگ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے وکٹ ٹیکر حسن علی سورماﺅں کو دھول چٹانے کیلئے تیار ہیں تو وہیں زخمی ہونے والے محمد عامر کی بھی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔
ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ گزشتہ میچز کی طرح بھارت کے خلاف فائنل میچ میں بھی اٹیکنگ کرکٹ کھیلیں گے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ نئے لڑکوں میں ہار کا خوف کم اور جیت کا جنون زیادہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی پاکستان ٹیم کا شاندار کم بیک دیکھ کر ذرا پریشان نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کا دن اچھا ہو تو وہ کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ میں وہی ٹیم جیتے گی جو بہترین کھیل پیش کرے گی۔